نئی دہلی،11؍مارچ(ایس او نیوز؍ایجنسی) مرکزی حکومت کے زرعی قوانین کی مخالفت کرنے والی کسان یونینوں کی تحریک میں شدت پیداہوتی جارہی ہے -انہوں نے26 مارچ کو مکمل بھارت بند کا اعلان کرکے ایک بارپھر حکومت کو سکتے میں ڈال دیا ہے -
اس کی اطلاع متحدہ کسان مورچہ کے ڈاکٹر درشن پال کی جانب سے جاری ایک بیان میں دی گئی ہے- بیان کے مطابق چہارشنبہ کے روز کسان مورچہ کے مشترکہ اجلاس میں مزید پروگراموں کا خاکہ طے کیا گیا، جس کے تحت15مارچ کو اینٹی کارپوریٹ ڈے اور حکومت مخالف دن منایا جائے گا، جس میں ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں، پٹرول، رسوئی گیس اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ا ضافے کے خلاف ڈی ایم اور ایس ڈی ایم میمورنڈم پیش کرکے ٹریڈ یونینوں کے ساتھ ملک بھر کے ریلوے اسٹیشنوں پراحتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے- اسی تسلسل میں 26مارچ کے مجوزہ بھارت بند کو کامیاب بنانے کیلئے مزدور تنظیموں اور دیگر تنظیموں کے ساتھ17مارچ کو ایک اجلاس منعقد کیا جائے گا-
کسانوں کو پیچھے ہٹا نا ناممکن ہے: راہل گاندھی:کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بدھ کے روز کہا کہ تینوں زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والے کسانوں کو پیچھے ہٹانا ناممکن ہے اور حکومت کو ان قوانین کو واپس لینا ہو گا- انہوں نے ٹویٹ کیا کہ کسانوں کا بارش سے ناطہ پرانا،نہ ڈرتے نہ کرتے موسم کا بہانا، ظالمانہ حکومت کوپھرسے بتانا، کسانوں کو پیچھے ہٹاناناممکن، تینوں قوانین لینا ہوگا واپس،قابل ذکر بات یہ ہے کہ گزشتہ کچھ مہینوں سے دہلی کی مختلف سرحدوں پرکسان مظاہرہ کر رہے ہیں -ان کا مطالبہ تین نئے زرعی قوانین کو واپس لینے اور کم سے کم سپورٹ قیمت کی ضمانت دینے والا قانون بنانا ہے- دوسری طرف حکومت نے تینوں قوانین کو زرعی اصلاحات کی طرف ایک بڑا قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے کسانوں کو فائدہ ہوگا اور ان کے پاس اپنی پیداوار کو بیچنے کیلئے بہت سارے متبادل ہوں گے-دوسری جانب مختلف کسان تنظیموں کے لیڈرس 12سے 16مارچ تک مغربی بنگال میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے خلاف انتخابی مہم چلائیں گے -آل انڈیا کسان سنگھرش کوآرڈی نیشن کمیٹی کے ورکنگ گروپ کے ممبر اور آل انڈیا کسان سبھا کے جنرل سکریٹری اتل کمار انجان نے بدھ کے روز کہا کہ کسان لیڈرس کولکاتہ، نندی گرام، شہید مینار وغیرہ میں جلسے کریں گے -
اس انتخابی دورے میں کسان لیڈر راکیش ٹکیت بھی شامل ہوں گے - مغربی بنگال میں ان دنوں اسمبلی انتخابات کیلئے انتخابی تشہیر کی مہم زوروں پر ہے -